مقبوضہ بیت المقدس: چھ یرغمالیوں کی لاشیں ملنے کے بعد اسرائیل میں حکومت مخالف احتجاج شروع ہوگئے، اور ملک کی سب سے بڑی ٹریڈ یونین نے ملک بھر میں ہڑتال کی اپیل کردی۔مختلف علاقوںمیں ہنگامے پھوٹ پڑے۔ یروشلم اور تل ابیب میں ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے اور نیتن یاہو کی حکومت کے خلاف سخت احتجاج کیا۔ مظاہرین نے تل ابیب کی ایالون ہائی وے کو بند کر دیا، جس کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ اس دوران، اسرائیل کی ٹریڈ یونین ہسٹاڈرٹ کے صدر آرنون بار ڈیوڈ نے کہا کہ پیر کے روز ہڑتال کے ذریعے اسرائیلی معیشت کو مکمل طور پر روک دیا جائے گا۔ یرغمالیوں کے خاندانوں کے فورم کا کہنا ہے کہ مزید چھ یرغمالیوں کی موت نیتن یاہو کی حماس کے ساتھ جنگ بندی معاہدے میں ناکامی کا براہ راست نتیجہ ہے۔