راولپنڈی: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 9 مئی 2023 کے واقعات سے متعلق 12 مقدمات سے بری کر دیا۔
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز اصف نے اڈیالہ جیل میں بشریٰ بی بی کے خلاف 9 مئی کے مقدمات کی سماعت کی، جہاں پولیس نے ان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست دی تھی۔
راولپنڈی پولیس نے بشریٰ بی بی کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر انسداد دہشت گردی عدالت نے تفصیلی سماعت کی اور بعد میں پولیس کی درخواست کو مسترد کر دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر نے پولیس کی درخواستوں پر دلائل دیے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ آج انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے 12 مقدمات کی سماعت کی، جن میں بشریٰ بی بی کو مختلف بیانات کی بنیاد پر نامزد کیا گیا تھا، مگر ان بیانات کی کوئی قانونی حیثیت نہیں تھی۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے بتایا کہ عدالت نے تفصیلی دلائل سنے اور راولپنڈی پولیس کی جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کر دی، بشریٰ بی بی کو تمام مقدمات سے بری کر دیا گیا ہے۔