کوئٹہ: بلوچستان میں بارشوں نے وسیع پیمانے پر نقصان پہنچایا اور صوبے کا کئی دوسرے علاقوں سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
شدید بارشوں کے بعد نشیبی مقامات زیر آب آگئے اور سیلابی حالات پیدا ہوگئے، جبکہ تیز ریلے سب کچھ بہا لے گئے، جس سے مواصلاتی نظام بھی شدید متاثر ہوا۔
ضلع چمن اور قلعہ عبداللہ سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ زمان آباد میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا اور طوفانی ہواؤں نے سولر پینلز کو اڑا دیا۔جعفر آباد میں بجلی کے کھمبے گر گئے۔
کوئٹہ-چمن ریلوے لائن سیلابی ریلے میں بہہ گئی جس کی وجہ سے ٹرین سروس معطل ہوگئی۔مستونگ بھی پانی میں ڈوب گیا، اور مختلف حادثات میں 10 افراد زخمی ہوئے۔
کئی علاقوں میں مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔ مستونگ کے کردگاپ علاقے میں سیلابی ریلے کی وجہ سے ایک خاتون بہ گئی جن کی لاش بعد میں نکال لی گئی۔
مچھ میں موسلا دھار بارش کی وجہ سے بولان قومی شاہراہ کے نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا، جس سے بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔ ہرک کازوے کے مقام پر سیلابی ریلے کے سبب متعدد گاڑیاں پھنس گئیں۔
این ایچ اے حکام کا کہنا ہے کہ سیلابی ریلے کی وجہ سے بلوچستان کا دیگر علاقوں سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے، اور لوگوں کو بولان شاہراہ پر سفر سے مکمل پرہیز کرنا چاہئے۔ سیلابی ریلوں کے باعث کوئٹہ-تفتان اور سبی شاہراہیں بند ہوگئیں۔