لاہور۔ معروف شوبز جوڑی آغا علی اور حنا الطاف کے درمیان طلاق ہوگئی ہے، جس کی تصدیق معروف ٹی وی میزبان مدیحہ نقوی نے اپنے مارننگ شو کے دوران کی۔
آغا علی اور حنا الطاف نے سال 2020 میں کورونا کے دور میں لاک ڈاؤن کے دوران سادگی کے ساتھ شادی کی تھی، لیکن دو سال بعد ان کے درمیان علیحدگی کی خبریں سامنے آنا شروع ہوگئیں۔
اگرچہ جوڑے نے اپریل 2022 میں ان افواہوں کی سختی سے تردید کی تھی، مگر افواہیں جاری رہیں کہ دونوں کی طلاق ہوچکی ہے۔
مدیحہ نقوی کے نجی ٹی وی شو میں بطور مہمان شرکت کے دوران، شگفتہ اعجاز اور ونیزہ احمد کو پاکستان کے چند مشہور اداکاروں کی تصاویر دی گئیں جنہیں دیکھے بغیر ان کے نام بتانے کا چیلنج تھا۔
ایک سیگمنٹ میں شگفتہ اعجاز کے ہاتھ میں آغا علی کی تصویر آئی، جس کی سمت مدیحہ نقوی اور ونیزہ احمد کی طرف تھی، لیکن شگفتہ اعجاز کو یہ معلوم نہیں تھا کہ تصویر کس اداکار کی ہے۔
مدیحہ نقوی اور ونیزہ احمد نے آغا علی کا نام لیے بغیر ان کی شخصیت اور کام کے بارے میں کچھ معلومات فراہم کیں، جن کی مدد سے شگفتہ اعجاز نے پہچاننا تھا کہ تصویر میں کون اداکار ہے۔
مدیحہ نقوی نے شگفتہ اعجاز سے کہا کہ تصویر میں جو اداکار ہیں، ان کا تعلق لاہور سے ہے، ان کے والد بھی مشہور اداکار تھے اور ان کے ماموں بھی سینئر اداکار ہیں۔ ان کے بڑے بھائی عدنان صدیقی نے شو “تماشہ گھر” میں حصہ لیا تھا، اور ان کی شادی پاکستانی ڈراموں کی ایک معروف اداکارہ سے ہوئی تھی، جن کے ساتھ انہوں نے ایک شو کی میزبانی بھی کی تھی۔
مدیحہ نقوی نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے اس اداکار کی اپنی اہلیہ (حنا الطاف) سے علیحدگی ہوچکی ہے، اور دونوں نے ابھی تک دوسری شادی نہیں کی، بلکہ فی الحال دونوں سنگل ہیں۔ شوبز انڈسٹری میں آغا علی کو غصے والا اداکار کہا جاتا ہے۔
یہ سب سننے کے بعد بھی شگفتہ اعجاز اس اداکار کو پہچان نہ سکیں اور تصویر دیکھ کر کہا کہ یہ آغا علی ہیں۔ مدیحہ نقوی کی تصدیق کے بعد آغا علی اور حنا الطاف کے مداح کافی مایوس ہوئے ہیں۔