برسلز ۔ کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہماری قربت اور یکجہتی غیرمتزلزل ہے۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہاکہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔
علی رضا سید نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کرے۔
چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے مزید کہا کہ ہم مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں جن کی قانونی اور پرامن جدوجہد طویل عرصے سے جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہیں اور تمام سیاسی قیدیوں بشمول انسانی حقوق کے کارکن خرم پرویز، حریت رہنما یاسین ملک اور صحافی سجاد گ±ل کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ یومِ یکجہتی کشمیر ہر سال 5 فروری کو منایا جاتا ہے تاکہ کشمیری عوام جو آزادی کی جدوجہدِ کررہے ہیں، کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا جا سکے، خاص طور پر بھارتی ظلم و ستم کا شکار مقبوضہ کشمیر کے مظلوم لوگوں سے ہمدردی اور قربت کا اظہار یوم یکجہتی کے مقاصد میں شامل ہے۔
اس دن کو منانے کا آغاز 1990 میں ہوا۔ پاکستان میں ہرسال سرکاری اور نجی طور پر منایاجاتا ہے۔ اس دن کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم کو اجاگر کرنے اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کے لیے سیمینارز، ریلیاں، اور دیگر تقریبات منعقد کی جاتی ہیں۔ اس دن پاکستان بھر میں عام تعطیل ہوتی ہے اور مختلف شہروں میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جاتا ہے۔
دنیا بھر میں رہنے والے کشمیری اور پاکستانی بھی یہ دن مانتے ہیں۔ یومِ یکجہتی کشمیر دنیا کو یہ پیغام دیتا ہے کہ کشمیری عوام تنہا نہیں، بلکہ پاکستان اور انصاف پسند دنیا ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
اپنے بیان میں علی رضا سید نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے کشمیریوں کے لیے مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کی محبت اور خلوص ہمارے لیے بےحد اہم ہے۔ ان کی طرف سے مسلسل اظہار یکجہتی کشمیری عوام کے حوصلے بلند کرتی ہے۔
چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے اقوامِ متحدہ، یورپی یونین اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیریوں کے خلاف مظالم بند کروانے کے لیے بھارت پر دباو¿ ڈالے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کو یقینی بنائے۔