اسلام آباد ۔5 فروری یوم یکجہتی کشمیر سے قبل مقبوضہ کشمیر کے گلی کوچوں میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر اور آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق کے پوسٹرز آویزاں کر دیے گئے ہیں۔
مقبوضہ کشمیر کے عوام نے تحریک آزادی کی حمایت جاری رکھنے پر وزیراعظم پاکستان، آرمی چیف اور آزاد کشمیر کے وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے یہ بات اہم ہے کہ 5 فروری کو پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، اور اس دن عہد کیا جاتا ہے کہ جب تک مقبوضہ کشمیر بھارت کے ظلم و استبداد سے آزاد نہیں ہو جاتا، تحریک آزادی کشمیر جاری رکھی جائے گی۔
اس سال بھی پاکستان اور آزاد کشمیر میں یوم یکجہتی کشمیر کو جوش و خروش سے منانے کی تیاریوں کا عمل جاری ہے۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف 5 فروری کو آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کریں گے۔
اس کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، تاکہ بھارت کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ وہ طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کو زیادہ دیر تک غلام نہیں رکھ سکتا۔