اسلام آباد۔سینئر سیاستدان فیصل واوڈا نے پیش گوئی کی ہے کہ علی امین گنڈاپور، پارٹی صدارت کھونے کے بعد اب وزارتِ اعلیٰ سے بھی محروم ہو جائیں گے، جبکہ عمران خان کو آئندہ چھ سے آٹھ ماہ تک کوئی ریلیف ملنے کے امکانات نظر نہیں آ رہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ “ٹرمپ کارڈ” سے پی ٹی آئی کو مایوسی ہوگی، اور آج وہی ہوا—اس کارڈ کی ساری ہوا نکل چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی سطح پر نہ کوئی مذاکرات ہو رہے ہیں، نہ کوئی ڈیل اور نہ ہی کسی رعایت کا امکان ہے۔ اب تو خود بانی پی ٹی آئی تسلیم کر رہے ہیں کہ ان کی پارٹی کے کئی رہنما کمپرومائز کر چکے ہیں۔
فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی کے لیے کوئی سیاسی قوت موجود نہیں، یہاں سے کوئی باہر نہیں نکلے گا۔ تحریک انصاف خود نہیں چاہتی کہ عمران خان جیل سے باہر آئیں، یہی وجہ ہے کہ جس حکومت کو وہ “فارم 47 کی حکومت” کہہ رہے تھے، اسی سے مذاکرات بھی کر رہے ہیں۔