اسلام آباد ۔تحریکا نصاف کے رہنما شبلی فراز نے سپریم کورٹ کے ججز کے حوالے سے بڑا دعویٰ کیا ہے۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ سپریم کورٹ میں 12 نئے ججز کی تقرری کی جا رہی ہے، اور ایک ایسا ماحول بنایا جا رہا ہے کہ عدالتوں میں اپنی پسند کے افراد کو رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سب اس لیے کیا جا رہا ہے تاکہ نہ پاکستان تحریک انصاف اور نہ عمران خان کو انصاف مل سکے۔شبلی فراز کا کہنا تھا کہ 8 فروری کے احتجاج کے لیے رہنماؤں کو ہدایات دے دی گئی ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ القادر ٹرسٹ کیس کے فیصلے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ سزائیں ایک خاص ایجنڈے کے تحت دی جا رہی ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کے خاتمے اور پارٹی کے مطالبات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل کمیشن بننے سے سچ سامنے آ سکتا تھا اور حکومت ایک دن بھی نہیں چل پاتی۔ اسی لیے حکومت کمیشن بنانے میں تاخیر کر رہی ہے۔گزشتہ روز اسمبلی سے ترمیمی بل پاس ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ پیکا ایکٹ کے خلاف اسمبلی سے واک آؤٹ کیا تھا، کیونکہ ان کے مطابق پیکا ایکٹ سچ کی آواز کو دبانے کی کوشش ہے۔