لندن۔ انگلینڈ کو ورلڈکپ جتوانے والی سپنر اور موجودہ براڈکاسٹر ایلکس ہارٹلی نے یہ انکشاف کیا ہے کہ ویمنز ٹی20 ورلڈکپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس پر تنقید کرنے کے بعد کچھ کھلاڑیوں نے انہیں انٹرویو دینے سے انکار کردیا تھا۔
بی بی سی کے ٹی ایم ایس پوڈکاسٹ میں ایلکس ہارٹلی نے بتایا کہ وہ انگلینڈ کی کرکٹر سوفی ایکلسٹون کا انٹرویو لینا چاہتی تھیں لیکن انگلینڈ کی بائیں ہاتھ کی سپنر نے ان کی درخواست کو “منافقت” قرار دے کر مسترد کردیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انگلینڈ کی دیگر ویمن کرکٹرز نے بھی فٹنس پر تنقید کے بعد بات کرنے سے انکار کر دیا تھا، حالانکہ ہم صرف یہ چاہتے تھے کہ ہماری ٹیم ٹورنامنٹ اور مقابلوں میں کامیابی کے لئے محنت کرتی دکھائی دے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ انگلینڈ کی ویمنز ٹیم کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ٹی20 ورلڈکپ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد ان کی فٹنس پر سوال اٹھائے گئے تھے، اور انگلش ٹیم ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے سے باہر ہوگئی تھی۔ ایلکس ہارٹلی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن میں ملتان سلطانز کے لئے کوچنگ کے فرائض بھی انجام دے چکی ہیں۔