دبئی ۔پاک بنگلادیش تعلقات میں بہتری کے لیے اہم پیشرفت ہوئی ہے، جہاں دبئی میں دونوں ممالک کے قونصل جنرلز نے ملاقات کی۔
دبئی میں بنگلہ دیش کے قونصل جنرل محمد رشید الجمان نے پیر کے روز پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد سے قونصلیٹ جنرل آف پاکستان میں ملاقات کی۔
پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا کہ حسین محمد نے مہمان قونصل جنرل کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران دونوں قونصل جنرلز نے دوطرفہ تعاون کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا اور اپنے متعلقہ قونصل خانوں کے تجارتی شعبوں کو اس عمل میں مزید متحرک کرنے پر اتفاق کیا۔
محمد رشید الجمان نے گرمجوش استقبال پر حسین محمد کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی قونصل خانے کی طرف سے فراہم کردہ قونصلر خدمات کے معیار کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے پاسپورٹ کے اجراء، قومی شناختی کارڈز، اور ویزا کے عمل سمیت مختلف قونصلر خدمات پر تفصیلی گفتگو کی۔
مزید برآں، قونصل جنرلز نے کمیونٹی سروسز اور عوامی آگاہی کے اقدامات کے حوالے سے معلومات کے تبادلے اور آئندہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا۔
اس ملاقات میں دونوں ممالک کے سینئر سفارت کار بھی شریک تھے، جنہوں نے دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔