اسلام آباد ۔ قومی صنعتی تعلقات کمیشن (NIRC) کے مجاز آفیسر محمد شفیق نے سی ڈی اے میں ہونے والے ریفرنڈم کے لیے تمام یونینز کو انتخابی نشان جاری کر دیے جس میں سی ڈی اے مزدور یونین کو انتخابی نشان چاند ستارہ، سی ڈی اے لیبر یونین کو شاہین، سی ڈی اے ورکر فیڈریشن کو سبز پرچم اور سی ڈی اے ایمپلائز یونین کو ببر شیر الاٹ کر دیا گیا۔
مزید برآں تما م یونینز کی مشاورت سے ووٹر لسٹ فائنل ہو گئی، جس کے بعد انشاء اللہ 15 جنوری کو ریفرنڈم کی تاریخ ملنے کا قومی امکان ہے، اس موقع پر سی ڈی اے مزدور یونین کے جنر ل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین، صدر اورنگزیب خان، چیئرمین راجہ شاکر زمان کیانی، سپریم ہیڈ صوفی محمود علی، سرپرست اعلی حاجی محمد صابر، سینئر رہنما صوفی محمود علی، چیف آرگنائزر ملک محمد عاصم، اظہر خان تنولی، چوہدری زاہد، ملک دلشاد، کلیم اللہ زمری سمیت دیگر رہنماؤں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین کا مشن ملازمین کی بلاتفریق خدمت اور ان کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے، ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں اور بطور سی بی اے ریفرنڈم کو جلد ازجلد منعقد کرنے کے لیے تمام تر کوششیں بروئے کا رلا رہے ہیں اور انشاء اللہ بہت جلد سی ڈی اے کے ملازمین ووٹ کی طاقت کے ذریعے اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ ہم نے سی بی اے کے دوران مزدوروں کے بے شمار مسائل حل کیے ہیں اور انشاء اللہ باقی ماندہ مسائل کو بھی ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا، سی ڈ ی اے کے ملازمین باشعور ہیں وہ ووٹ کی طاقت کے ذریعے مزدوردشمن ٹولوں، کردارکشی اور بلیک میلنگ کی سیاست کرنے والوں کی ایک مرتبہ پھر تاریخ ساز شکست سے دو چار کریں گے،ان کا بدنما چہرہ ملازمین کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے اور وہ ریفرنڈم سے راہ فرارچاہتے ہیں لیکن سی ڈی اے مزدور یونین خدمت اور کارکردگی کی بنیاد پر ایک مرتبہ پھرکامیاب ہو گی،ریفرنڈم مہم کے دوران ملازمین کی سی ڈی اے مزدورو یونین میں شمولیت سے مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اوران کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں۔