لاہور۔۔لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس جسٹس مس عالیہ نیلم کی منظوری کے بعد ایک نیا اور اہم اقدام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت سائلین اب گھربیٹھے اپنے کیسز کی معلومات ویب سائٹ اور موبائل ایپ سے حاصل کر سکیں گے۔ اس منصوبے کا مقصد سائلین کے وقت اور پیسے کی بچت کرنا ہے، اور اس میں ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جا رہا ہے۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے اس اقدام کی منظوری دی ہے جس کے ذریعے سائلین اپنی عدالتی کارروائیوں کے بارے میں مسلسل اپ ڈیٹ حاصل کر سکیں گے۔ اس سہولت کے ذریعے سائلین کو عدالتوں کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، اور وہ اپنے کیسز کی تازہ ترین معلومات براہ راست ویب سائٹ یا موبائل ایپ سے حاصل کر سکیں گے۔ یہ منصوبہ اسی ماہ سے شروع ہو رہا ہے، اور اس کا ٹاسک ایڈیشنل رجسٹرار آئی ٹی جمال احمد کو سونپ دیا گیا ہے۔
یہ لاہور ہائیکورٹ کی تاریخ کا پہلا اقدام ہے جہاں اس طرح کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ چیف جسٹس مس عالیہ نیلم کے ویژن کے مطابق، سائلین اور وکلاء کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے خصوصی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔
معروف قانون دان احسن بھون نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی کے استعمال کے ذریعے سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی ممکن ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ سائلین اب بار بار عدالتوں کے چکر نہیں لگائیں گے، اور یہ قدم نہ صرف سائلین بلکہ وکلاء کے لیے بھی فائدہ مند ہوگا۔
ایڈووکیٹ سپریم کورٹ چودھری نصیر کمبوہ نے کہا کہ چیف جسٹس مس عالیہ نیلم کی قیادت میں کیے جانے والے یہ تاریخی اقدامات پنجاب کی تاریخ میں اہم سنگ میل ثابت ہوں گے، اور یہ سائلین کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم قدم ہے۔