وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ توڑ پھوڑ اور بدامنی پھیلانے والے عناصر نوجوانوں کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔ نوجوان کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں اور نہ ہی کسی کے مفادات کے لیے استعمال ہوں۔
یہ بات انہوں نے ملتان کی بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی میں منعقدہ ہونہار اسکالرشپ کی تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اعلان کیا کہ ہونہار اسکالرشپ کا بجٹ 100 ارب روپے تک بڑھایا جائے گا اور آئندہ سال مزید 20 ہزار اسکالرشپ فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے نوجوانوں کے لیے نئے کاروبار اور اسٹارٹ اپس کے لیے 3 کروڑ روپے تک بلا سود قرضے دینے کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ سال سے ایک لاکھ ای بائیکس فراہم کی جائیں گی اور پنجاب کی یونیورسٹیوں اور کالجوں میں ای بائیکس چارجنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اگر نوجوانوں کی صحیح رہنمائی کی جائے تو پاکستان کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے۔ ہم نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے تمام رکاوٹیں دور کریں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین میں کم عمر بچے آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور روبوٹکس جیسی جدید تعلیم حاصل کر رہے ہیں، اسی طرح پاکستان کے نوجوانوں کو بھی ان جدید علوم سے روشناس کرایا جائے گا۔ مارکیٹ بیسڈ ٹریننگ پروگرامز اور دیگر جدید تعلیم کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے طلبہ کے لیے زراعت، ماحولیات، اور دیگر شعبوں میں انٹرن شپس کا آغاز کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ طلبہ کو قرضے فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ والدین پر بوجھ نہ بنیں بلکہ خود کفیل ہوں۔
مریم نواز نے کہا کہ وہ اس بات کو اپنی ناکامی سمجھیں گی اگر کوئی قابل طالبعلم وسائل کی کمی کے باعث تعلیم سے محروم رہ گیا۔ طلبہ خاص طور پر بچیوں کو سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے بسیں دی جا رہی ہیں اور ہونہار اسکالرشپ کا 60 فیصد حصہ بچیوں کو دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے طلبہ کو یقین دلایا کہ فیس کی ادائیگی حکومت کی ذمہ داری ہے اور تمام اسکالرشپ میرٹ پر دیے جا رہے ہیں۔ کسی سے یہ نہیں پوچھا گیا کہ اس کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق ہے یا نہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اخلاقیات اور کردار کسی بھی معاشرے کی پہچان ہوتے ہیں۔ طلبہ کی محنت اور میرٹ دیکھ کر یقین ہوتا ہے کہ پاکستان کو ترقی سے کوئی نہیں روک سکتا۔
آخر میں مریم نواز نے تمام طلبہ کو مبارک باد دی اور محمد نواز شریف کا پیغام پہنچایا کہ اللہ کرے یہ ملک دن دگنی رات چوگنی ترقی کرے۔