اسلام آباد۔مارچ میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے ملنے والی ایک ارب ڈالر قرض کی نئی قسط کے ملتوی ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے، کیونکہ آئی ایم ایف نے جنوری کے آخر تک صنعتوں کے کیپٹیو پاور پلانٹس کو گیس کی فراہمی بند کرنے کی شرط رکھی ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق، ان پاور پلانٹس کو اب بجلی پر منتقل ہونا چاہیے یا مساوی اخراجات ادا کرنے ہوں گے۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ حکومت کو صنعتی کیپٹیو پاور پلانٹس پر گیس فراہم کرنے کے بدلے مناسب محصول عائد کرنا چاہیے تاکہ گرڈ پاور اور ان پاور پلانٹس کے درمیان لاگت میں فرق کو ختم کیا جا سکے۔
آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے تحت، حکومت فروری 2025 سے کیپٹیو پاور پلانٹس کو گیس کی فراہمی منقطع کرنے کی پابند ہے تاکہ ایک ارب ڈالر کی نئی قسط کا حصول ممکن ہو سکے۔
دوسری جانب ٹیکسٹائل برآمدکنندگان کا کہنا ہے کہ صنعتی یونٹس کو گیس کی فراہمی منقطع ہونے سے برآمدات کی مسابقت میں کمی آئے گی۔