سوات ۔وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو معاشرتی و معاشی طور پر بااختیار بنانا اور انہیں باعزت روزگار فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام نوجوانوں کےلئے نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ممالک میں بھی ملازمتوں کے دروازے کھول دے گا۔
سوات مالم جبہ میں نوجوانوں کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت تقریباً 36 ارب روپے منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے جس میں پیشہ ورانہ ، آئی ٹی اور تکنیکی تعلیم پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام صوبوں کے طلباء کو اس اہم پروگرام سے بڑی حد تک سہولت فراہم کی جائے گی
انہوں نے کہا کہ ضروری تعلیم اور آئی ٹی کی تربیت کے بعد ان نوجوانوں کو باعزت ملازمتوں کےلئے بیرون ممالک بھیجا جائے گا، اس سلسلے میں اگلے تین مہینوں میں خیبر پختونخوا سمیت ملک کے تمام اضلاع میں یوتھ سہولت مراکز قائم کئےجائیں گے اور چھ ماہ کے آئی ٹی کورس پاس کرنے کے بعد ہر کوئی ایک لاکھ روپے ماہانہ کما سکے گا۔
رانا مشہود نے کہا کہ، اڑان پاکستان سے ملک کے نوجوانوں اور معیشت کو فائدہ ہوگا، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت نے معیشت کو استحکام کی راہ پر گامزن کردیا ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری پاکستان واپس آنا شروع ہوگئی ہے،اسی طرح اسٹاک ایکسچینج نے نئی بلندیوں کو حاصل کیا اور مہنگائی میں بھی بتدریج کمی آ رہی ہے،وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں پاکستان کو ایشین اکنامک ٹائیگر بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ، خیبر پختونخوا کے لوگوں نے 1947 میں ریفرنڈم کے دوران پاکستان کے حق میں ووٹ دیا تھا ، ان کی قربانیاں اور پاکستان کےلئے خدمات قابل تعریف ہیں
رانا مشہود ،نے پارٹی کےلئے انجینئر امیر مقام کی خدمات کی تعریف کی اور اسلام آباد میں خیبر پختونخوا بالخصوص سوات کے نوجوانوں کےلئے منصوبوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے کمیٹی کے قیام کی تجویز دی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام بھی موجود تھے۔