اسلام آباد ۔رواں سال بھی کراچی ٹیکس دہندگان کی فہرست میں سرِفہرست رہا، جہاں سے ایف بی آر نے 2,522 ارب روپے کا ٹیکس جمع کیا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے مالی سال 2023-24 کے دوران جغرافیائی بنیادوں پر ٹیکس وصولیوں کی رپورٹ جاری کی گئی، جس میں یہ واضح کیا گیا کہ کون سا شہر سب سے زیادہ ٹیکس دینے میں پیش پیش رہا۔
رپورٹ کے مطابق، سب سے زیادہ ٹیکس دینے والوں میں پہلا مقام کراچی کو حاصل ہوا، دوسرے نمبر پر لاہور اور تیسرے نمبر پر اسلام آباد رہا۔
کراچی کے بڑے ٹیکس دفتر (ایل ٹی او) نے 2,522 ارب روپے سے زائد ٹیکس جمع کیا، جس میں انکم ٹیکس کی مد میں 1,360 ارب روپے سے زائد اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے تحت 13 کروڑ 63 لاکھ روپے کی وصولیاں شامل ہیں۔
اسی طرح، سیلز ٹیکس کے تحت بھی کراچی ایل ٹی او نے 1,000 ارب روپے سے زائد کی وصولیاں کیں۔
ایف بی آر کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ لاہور کے بڑے ٹیکس دفتر نے زیرِ جائزہ مدت میں مجموعی طور پر 1,402 ارب روپے سے زائد جبکہ اسلام آباد کے ایل ٹی او نے 1,164 ارب روپے کا ٹیکس جمع کیا۔