لاہور۔معروف ماڈل اور اداکارہ آمنہ الیاس کی ایک ویڈیو، جس میں وہ اپنے والد کے انتقال کے بارے میں بات کرتے ہوئے جذباتی ہوئیں، سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
یہ ویڈیو نیو ٹی وی کے پروگرام “زبردست” میں ان کی کچھ عرصہ قبل کی شرکت سے متعلق ہے، جس میں آمنہ الیاس کو اپنے والد کے انتقال کے موضوع پر بات کرتے ہوئے کئی بار جذباتی اور آبدیدہ ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
اداکارہ نے انٹرویو میں بتایا کہ ان کے والد ان کے بچپن میں ہی انتقال کر گئے تھے اور اس واقعے کو اب 20 سال کا عرصہ گزر چکا ہے۔ آمنہ نے کہا کہ والد کے انتقال کے وقت ان کی والدہ صرف 30 سال کی تھیں اور انہوں نے اکیلے ہی ان کی اور ان کے بہن بھائیوں کی پرورش کی۔
آمنہ نے اپنی والدہ کی جدوجہد پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی والدہ نے زندگی میں بے شمار مشکلات دیکھیں، خاص طور پر ایک ایسے گھر میں جہاں کوئی مرد موجود نہیں تھا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گھر میں مرد کی کمی اس وقت زیادہ محسوس ہوتی تھی جب انہیں کسی مشکل یا ناانصافی کا سامنا کرنا پڑتا تھا، کیونکہ وہ کسی کو شکایت کرنے یا مدد کے لیے پکارنے کے قابل نہیں تھیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کے والد کے انتقال کے وقت وہ بہت چھوٹی تھیں اور اس وقت انہیں یہ سمجھ نہیں تھی کہ انتقال کا مطلب کیا ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے پاس اس وقت کی تصاویر موجود ہیں، جن میں وہ والد کے جنازے کے موقع پر مسکراتی دکھائی دیتی ہیں، کیونکہ وہ اس وقت کی سنجیدگی کو سمجھنے کی عمر میں نہیں تھیں۔
آمنہ نے زندگی کے مختلف مراحل پر اپنے والد کی کمی کو محسوس کرنے کے تجربات بھی شیئر کیے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ ان کے مالی حالات خراب تھے اور ان کے بہن بھائی بھی کام کر رہے تھے، اس لیے انہیں بھی کم عمری میں کام شروع کرنا پڑا۔ تاہم، اب وہ مالی طور پر خود مختار ہیں اور زیادہ تر کام اپنے شوق کے لیے کرتی ہیں، لیکن جب زندگی سے تھکن محسوس ہوتی ہے، تو وہ اپنے والد کو بہت یاد کرتی ہیں۔