اسلام آباد۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ ہائیکنگ کے دوران پہاڑ سے گر کر زخمی ہوگئیں، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
جمائما نے نئے سال کے موقع پر انسٹاگرام پر اپنی ہائیکنگ کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے اس حادثے کا ذکر کیا۔
انہوں نے بتایا کہ وہ جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن کے قریب بلند پہاڑوں پر اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ ہائیکنگ کر رہی تھیں۔ پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ 2025 کا آغاز پہاڑوں کے دامن میں کیا۔
جمائما نے اپنی پوسٹ میں گرنے کے بعد کی ہسپتال کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شامل کیں، جن میں انہیں بستر پر آرام کرتے اور بیساکھی کے سہارے چلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اگرچہ انہوں نے اپنی چوٹوں کی تفصیلات نہیں بتائیں، لیکن تصاویر سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان کی ٹانگ یا پاؤں کے نچلے حصے میں فریکچر ہو سکتا ہے، تاہم اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔
جمائما کے زخمی ہونے کی خبر سامنے آتے ہی ان کے مداحوں اور پاکستانی عوام نے سوشل میڈیا پر ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔ کئی پاکستانی صارفین نے انہیں سابق بھابھی کہہ کر محبت کا اظہار کیا۔