کیپ ٹائون۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل پاکستان کے اوپنر صائم ایوب جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز انجری کا شکار ہونے کے بعد 6 ہفتوں کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
کیپ ٹاؤن میں کھیلے جا رہے میچ کے دوران، صائم ایوب شارٹ تھرڈ مین باؤنڈری پر گیند کو روکنے کی کوشش میں اپنا دایاں ٹخنہ موڑ بیٹھے۔ باؤنڈری لائن کے قریب پیش آنے والے اس حادثے کے نتیجے میں انہیں فوری طور پر میدان سے باہر جانا پڑا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ صائم ایوب کی ایم آر آئی رپورٹ میں ٹخنے کے فریکچر کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس انجری کے باعث وہ 6 ہفتوں تک کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔
صائم ایوب دوسرے ٹیسٹ میچ میں مزید شرکت نہیں کر سکیں گے، تاہم وہ ٹیم کے ساتھ موجود رہیں گے اور میچ کے اختتام پر اسکواڈ کے ساتھ وطن واپس آئیں گے۔
انجری کے فوراً بعد صائم ایوب کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا اسکین کیا گیا اور علاج شروع کیا گیا۔
صائم ایوب کی میدان سے باہر جاتے ہوئے تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں، اور مداح ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔ ان کی عدم موجودگی چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔