کیپ ٹائون۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز قومی ٹیم کے اوپنر صائم ایوب انجری کا شکار ہوگئے۔
کیپ ٹاؤن میں جاری میچ کے دوران، صائم ایوب شارٹ تھرڈ مین باؤنڈری پر گیند کا پیچھا کرتے ہوئے باؤنڈری لائن کے قریب پھسل گئے، جس کے باعث ان کا دایاں ٹخنہ مڑ گیا اور وہ زخمی ہوگئے۔
صائم ایوب کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی، لیکن انہیں چلنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کی انجری کی شدت کا اندازہ لگانے کے لیے اسکین کیا جائے گا، جس کے بعد مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔
پی سی بی کے ابتدائی اعلامیے کے مطابق، صائم ایوب کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، اور رپورٹس آنے کے بعد مزید اپ ڈیٹس فراہم کی جائیں گی۔
اِن فارم اوپنر صائم ایوب کی چیمپئنز ٹرافی کے قومی اسکواڈ میں جگہ یقینی سمجھی جا رہی تھی، لیکن یہ انجری ان کے لیے مشکلات کھڑی کر سکتی ہے۔