اسلام آباد۔عالمی ڈیجیٹل آپریٹر، ویون گروپ (VEON GROUP) نے پاکستان کے مائیکروفنانس سیکٹر اور موبی لنک بینک کی ترقی اور استحکام پر اپنے اعتماد کا اعادہ کرتے ہوئے بینک کے ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے 15 ملین ڈالر کی نئی سرمایہ کاری کی ہے۔ یہ سرمایہ کاری موبی لنک بینک کو مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (MSMEs) کی فنانسنگ میں اضافہ کرنے، اسلامی بینکاری خدمات کے ا?غاز کیلئے مواقع کا جائزہ لینے، اور ایک تکنیکی لحاظ سے جدید ، اور مستقبل کے لیے تیار ڈیجیٹل بینک کی جانب ادارے کے سفر کی رفتار بڑھانے میں مدد کرے گی۔
پاکستان کے سرکردہ ڈیجیٹل مائیکروفنانس بینک کی حیثیت سے موبی لنک بینک مالی شمولیت کے فروغ اور اپنے متنوع صارفین کی بدلتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پ±رعزم ہے۔ یہ سرمایہ کاری ایک ایسے موقع پر ہوئی ہے، جب پاکستانی بینکاری شعبہ ایک اہم موڑ سے گزر رہا ہے، کیونکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اپنی پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی کی ہے، جو کہ اقتصادی استحکام اور ترقی کے فروغ میں اس کے فعال ریگولیٹری کردار کو ظاہر کرتا ہے۔ موبی لنک بینک اس سرمایے کو اپنی آپریشنل صلاحیتوں میں بہتری لانے، اپنی رسائی کو بڑھانے، اور اپنے انفرادی و کاروباری صارفین کے لیے جدید ڈیجیٹل مصنوعات اور خدمات متعارف کرانے کے لیے استعمال کرے گا۔
موبی لنک بینک بینکاری خدمات سے مکمل یا جزوی طور پر محروم طبقوں کیلئے، قابل رسائی مالیاتی سہولیات کی خصوصی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے کے ساتھ معاشی سرگرمیوں اور سماجی و اقتصادی ترقی کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔ ویون گروپ کی سرمایہ کاری ڈیجیٹل جدت طرازی کو فروغ دینے اور پاکستان کے مالیاتی نظام میں اپنا کردار بڑھانے کے موبی لنک بینک کے عزم کی حمایت میں اٹھایا گیا اہم اقدام ہے۔ یہ عزم ویون گروپ کے وسیع تر مقاصد سے ہم ا?ہنگ ہے ، جن میں تکنیکی ترقی کے فروغ اور پائیدار اقتصادی ترقی کے ذریعے لوگوں کو بااختیار بنانا شامل ہیں۔
موبی لنک بینک کے چیئرمین اور جاز کے سی ای او، عامر ابراہیم نے سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا، ”ویون کی جانب سے 15 ملین ڈالر کی یہ سرمایہ کاری موبی لنک بینک کے وڑن اور ترقی کی صلاحیتوں پر ا±ن کے غیر متزلزل اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔ اس سے ہمیں اپنے پورٹ فولیو کو مزید وسعت دینے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو فنانسنگ کی سہولیات فراہم کرنے، اور اسلامی بینکاری، اور ٹیکنالوجی سے چلنے والے آپریشنز میں ترقی کی رفتار بڑھانے میں مدد ملے گی۔ ہم مل کر ڈیجیٹل مستقبل کی تیاری اور مالی شمولیت کو فروغ دے رہے ہیں، اور اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ موبی لنک بینک پاکستان میں ایک ترقی پسند اور شمولیتی مالیاتی منظرنامے کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرتا رہے۔“
موبی لنک بینک کے قائم مقام سی ای او، حارث محمود چوہدری نے کہا، ”ویون کی سرمایہ کاری پاکستان میں فِن ٹیک انقلاب کی قیادت کرنے کی موبی لنک بینک کی صلاحیتوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔ اسٹریٹجک سرمایہ کاری کیلئے یہ وقت نہایت موزوں ہے، کیونکہ پاکستان کی معیشت بحالی کے مرحلے میں ہے، اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی کے بعد بینکاری صنعت میں سرگرمی میں اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔ یہ سرمایہ کاری ہمارے اسٹریٹجک مقاصد کو مزید آگے بڑھانے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی ترقی کو فروغ دینے، اسلامی بینکاری خدمات شروع کرنے، اور ہماری ڈیجیٹل صلاحیتوں کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی، تاکہ ایک مستقبل کے لیے تیار ڈیجیٹل بینک کی حیثیت سے ہمارا کردار مزید مستحکم ہو سکے۔“
ویون کی اس سرمایہ کاری سے موبی لنک بینک میں تبدیلی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا، جس سے مالی شمولیت اور سماجی ترقی کو آگے بڑھانے کے ادارے کے مشن کو تقویت ملے گی۔ 2 کروڑ سے زائد ماہانہ فعال صارفین اور 4 لاکھ سے زائد ٹچ پوائنٹس کے وسیع نیٹ ورک کے ساتھ، بینک مالی شمولیت، تکنیکی جدت، اور صارفین کی بہتری کو فروغ دینے کے علاوہ سماجی و اقتصادی اور ماحولیاتی ترقی کے لیے کوشاں ہے۔
موبی لنک بینک عالمی ڈیجیٹل آپریٹر ویون گروپ کا حصہ ہے، جو دنیا کی 7 فیصد آبادی پر مشتمل چھ متحرک مارکیٹوں میں 160 ملین صارفین کو مربوط کنیکٹیویٹی اور ڈیجیٹل خدمات فراہم کرتا ہے۔ختم شد۔