واشنگٹن۔ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک کو اسٹار لنک کی سروسز پاکستان میں شروع کرنے کے لیے حکومتِ پاکستان کی جانب سے منظوری کا انتظار ہے۔ ایلون مسک نے اس حوالے سے کہا ہے کہ وہ حکومتِ پاکستان کی منظوری کا انتظار کر رہے ہیں۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے حکام نے بتایا کہ حکومت اور اسٹار لنک کے درمیان بات چیت جاری ہے، اور درخواست ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔ سروس کے لائسنس کے لیے تکنیکی ضروریات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
پی ٹی اے حکام نے مزید کہا کہ نیشنل اسپیس ایجنسی، قومی اسپیس پالیسی کے تحت درخواست کا جائزہ لے رہی ہے، جس میں بینڈوتھ، اپ لنکنگ، گیٹ ویز اور دیگر اہم تکنیکی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ تمام غیر ملکی سیٹلائٹ سروس پرووائیڈرز کے لیے یہی طریقہ کار اپنایا جا رہا ہے۔ اسپیس ایجنسی کی منظوری کے بعد، سروسز کی فراہمی کے لیے ریگولیٹر کی منظوری ضروری ہوگی۔