اسلام آباد۔لوکل موبائل فون مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین مظفر پراچہ نے موبائل فون کی قیمتوں میں اضافے کو مفروضہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حقیقت میں موبائل فون کی قیمتوں میں 30 فیصد کمی آئی ہے۔ ان کے مطابق، موبائل فون کی قیمتوں میں اضافہ اس وقت ہوا جب امپورٹ بند ہو گئی تھی، لیکن امپورٹس کی بحالی کے بعد قیمتیں کم ہو گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے موبائل فونز پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کی وجہ سے قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا ہے، جس سے کمپنیاں نقصان اٹھا رہی ہیں۔ تاہم، ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان موبائل فون کی برآمدات شروع کر دے، تو ملک میں مزید سستے فون تیار ہو سکیں گے۔
مظفر پراچہ نے مزید کہا کہ تین سے چار سال کے دوران پاکستان 10 سے 15 ارب ڈالر کے موبائل فون برآمد کر سکتا ہے، اور اس کے لیے حکومت کو موبائل فون انڈسٹری کو برآمدات میں مدد فراہم کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ موبائل فون کی برآمدات سے ملک کی معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔