اسلام آباد۔وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ تحریک انصاف کی پیش کردہ شرائط ایسی ہیں کہ ان پر مذاکرات کا امکان ہی نہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ پی ٹی آئی کی شرائط ایسی ہیں کہ مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں، یہ بات واضح نہیں کہ پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم کو اس بات کا اختیار بانی کی طرف سے دیا گیا ہے یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں مذاکرات کے حوالے سے محتاط رہنا چاہیے اور پی ٹی آئی سے امیدیں بہت زیادہ وابستہ نہیں کرنی چاہیے، فوری طور پر ان سے کچھ حاصل ہونے کی توقع نہیں کرنی چاہیے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہماری مذاکراتی ٹیم میں بہت سنجیدہ افراد شامل ہیں، اور اسپیکر ایاز صادق ان تمام امور کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے داخلی معاملات میں کسی بھی قسم کی بیرونی مداخلت کو قبول نہیں کرے گا اور نہ ہی کسی کی ڈکٹیشن پر عمل کیا جائے گا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کے امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، مگر اس کا یہ مطلب نہیں کہ امریکا ہماری داخلی سیاست میں مداخلت کرے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نے کبھی امریکا میں ہونے والے سیاسی واقعات پر بات نہیں کی، اور وہاں کی سیاسی روایات بھی کچھ اچھی نہیں ہیں۔