اسلام آباد۔پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) اور نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے تاکہ پیمرا کی موبائل ایپلیکیشن کی تیاری کے لیے تعاون کیا جا سکے۔یہ دستخطی تقریب پیمرا ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی،
ایم او یو پر پیمرا کے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز، براڈکاسٹ میڈیا اور پبلک ریلیشنز محمد طاہر اور این آئی ٹی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر بابر مجید بھٹی نے دستخط کیے۔تقریب کے دوران چیئرمین پیمرا محمد سلیم اور ایگزیکٹو ممبر سکندر رشید چوہدری بھی موجود تھے۔
چیئرمین پیمرا نے این آئی ٹی بی کے سی ای او کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پیمرا کی موبائل ایپ کا اجرائ عوام کو ریگولیٹری خدمات تک رسائی فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا اور اتھارٹی کے آپریشنز، خصوصاً شکایات کی رجسٹریشن اور ازالے کے لیے اہم ہوگا۔
تقریب میں پیمرا کے ڈائریکٹر جنرل لائسنسنگ براڈکاسٹ میڈیا وکیل خان، ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن ٹیکنالوجی زیبا تبسم، ڈائریکٹر اور چیئرمین کے پرسنل اسٹاف آفیسر تمثیل حیدر، ریجنل ڈائریکٹر (اسلام آباد) سعید احمد سمرو، ہیڈ لیگل طاہر فاروق تارڑ، اور ڈائریکٹر (انفارمیشن ٹیکنالوجی) شہباز اختر بھی شریک تھے۔ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سے ڈی جی عمران حیدر موجود تھے