براسیلیا۔برازیل کے معروف فٹبالر رونالڈو ملکی فٹبال کنفیڈریشن (سی بی ایف) کے صدر کے عہدے کے لیے انتخابات میں حصہ لیں گے۔
2026 میں موجودہ صدر ایڈنالڈو روڈریگز کی جگہ لینے کے لیے وہ سی بی ایف کے انتخابات میں امیدوار ہوں گے۔ انہوں نے گلوبو اسپورٹ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ وہ برازیل کی فٹبال ٹیم کی عزت و وقار کو دوبارہ بحال کرنا چاہتے ہیں، جو ماضی میں ہمارے پاس تھا لیکن آج دوسرے ممالک نے اس پر تسلط جما لیا ہے۔
رونالڈو نے مزید کہا کہ اگر ہم نے جلد ہی کلبز کے ساتھ معاہدوں پر پابندی عائد کرنے یا اس کے لیے کوئی حل نہ نکالا تو ہم پیچھے رہ جائیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل رونالڈو برازیل کے کروزیرو کلب میں 90 فیصد حصص کے مالک تھے، جنہیں انہوں نے اس سال کے شروع میں فروخت کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ لوئس رونالڈو 1994 اور 2002 میں برازیل کی فیفا ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے۔