وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ 26 نومبر کو ڈی چوک میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران شہید ہونے والے کارکنوں کی قربانیاں کبھی ضائع نہیں ہوں گی، اور ہم ان کے خون کا حساب ضرور لیں گے۔
ایبٹ آباد کے دورے کے دوران، وزیر اعلیٰ نے حویلیاں واٹر سپلائی اسکیم کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس منصوبے پر 4.64 ارب روپے لاگت آئے گی اور یہ دو سال میں مکمل ہوگا۔ اس کے ذریعے تحصیل حویلیاں کے شہری اور دیہی علاقوں کو یومیہ ڈھائی لاکھ گیلن پانی فراہم کیا جائے گا، جس سے تقریباً 94 ہزار افراد مستفید ہوں گے۔
افتتاحی تقریب میں وزیر اعلیٰ نے حویلیاں کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا، جن میں قبرستان کے لیے زمین خریدنا، حویلیاں سٹی بائی پاس کی تعمیر اور دیگر منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حویلیاں کو ایک ترقی یافتہ علاقہ بنایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے 26 نومبر کو شہید ہونے والے کارکنوں کو حقیقی جمہوریت کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے پر سلام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ فسطائیت اور ظلم کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی، جب تک ملک خود مختار اور خود دار نہیں بن جاتا۔
علی امین گنڈاپور نے مختلف اضلاع کے اسسٹنٹ کمشنرز اور حکام کو ہدایت کی کہ وہ کھلی کچہریاں منعقد کریں اور روزانہ عوام سے ملاقات کے لیے وقت مختص کریں۔
انہوں نے غیر قانونی مائننگ اور کرش پلانٹس کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کی اور کہا کہ غیر رجسٹرڈ گوداموں کو یکم جنوری تک رجسٹر کیا جائے۔
پٹواری دفاتر متعلقہ حلقوں میں منتقل کرنے کی بھی ہدایت دی گئی، بصورت دیگر ذمہ داران کو عہدے سے ہٹا دیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے عوام پر زور دیا کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار کی نگرانی کریں اور کسی بھی غیر معیاری کام کی نشاندہی کریں۔ انہوں نے سرکاری محکموں کو ترقیاتی منصوبوں پر عوامی فیڈبیک لینے کے لیے سوشل میڈیا کے مؤثر استعمال کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ دکانوں اور دیگر مراکز کے معائنے کے لیے ایک متحد ٹیم تشکیل دی جائے اور پہلی خلاف ورزی پر دکانداروں کو وارننگ دی جائے۔ جرمانوں کی وصولی کے لیے ای پیمنٹ سسٹم متعارف کرانے کی بھی ہدایت دی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کا سرکاری اداروں پر اعتماد بحال کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی ٹیم بن کر ترقیاتی منصوبوں میں حصہ لیں تاکہ شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔