پشاور۔پشاور ہائی کورٹ نے کرم میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اسکالرشپ انٹری ٹیسٹ کو عارضی طور پر معطل کردیا۔
درخواست گزار نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ضلع کرم میں امن و امان کی غیر مستحکم صورتحال کے پیش نظر انٹری ٹیسٹ کے انعقاد کے لیے متبادل انتظامات کیے جائیں۔ عدالت نے درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو ہدایت کی کہ ضلع کرم میں ٹیسٹ روک دیا جائے اور حکام کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔
تحریری حکم کے مطابق، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے متعلقہ حکام کو 31 دسمبر کو عدالت میں پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔ درخواست گزار نے تجویز دی کہ ضلع کرم کے امیدواروں کے لیے صدہ میں امتحانی ہال کا انتظام کیا جائے تاکہ وہ محفوظ ماحول میں ٹیسٹ دے سکیں۔
عدالت نے اپنے حکم میں مزید واضح کیا کہ وکیلِ درخواست گزار نے بتایا کہ انٹری ٹیسٹ 26 دسمبر کو شیڈول ہے اور فاٹا و بلوچستان کے طلبہ کے لیے 100 نشستیں مختص ہیں۔ موجودہ کشیدہ حالات کے باعث کرم میں ٹیسٹ منعقد کروانا ممکن نہیں، اس لیے امتحان کا مقام صدہ منتقل کیا جائے۔