اسلام آباد۔وزیراعظم نے شام کی نازک صورتحال کے پیش نظر دفتر خارجہ کو پاکستانیوں کے محفوظ انخلا کے انتظامات کرنے کی ہدایت دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت شام کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں پاکستانیوں کے انخلا کے حوالے سے اجلاس منعقد کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ شام سے وطن واپس جانے کے خواہش مند پاکستانیوں کے ہمسایہ ممالک کے ذریعے جلد اور محفوظ انخلا کے لیے حکمت عملی تیار کی جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ شام میں مقیم پاکستانیوں کے محفوظ انخلا کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، کیونکہ ان کی جان و مال کی حفاظت ہماری پہلی ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں۔
وزیراعظم نے دمشق میں پاکستانی سفارت خانہ کو ایک معلوماتی ڈیسک قائم کرنے اور پاکستانیوں سے رابطے کے لیے ہیلپ لائن بنانے کی ہدایت دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ جب تک امن و امان کی صورتحال میں بہتری نہ آئے، دفتر خارجہ کو کرائسز مینجمنٹ یونٹ اور شام و ہمسایہ ممالک میں پاکستانی سفارت خانوں میں معلوماتی ڈیسک 24 گھنٹے فعال رکھنے کی ہدایت کی۔
اس اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔