راولپنڈی ۔سکیورٹی اداروں نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے خوارج کے فتنے سے تعلق رکھنے والے 22 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ کارروائی کے دوران چھ جوان شہید ہوگئے
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں تین مختلف مقامات پر کی گئیں۔ خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک کے علاقے گل امام میں خفیہ معلومات پر کیے گئے آپریشن میں نو دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا جبکہ چھ زخمی ہوئے۔دوسری کارروائی شمالی وزیرستان میں انجام دی گئی جہاں دس دہشتگرد مارے گئے۔
تیسری کارروائی ضلع تھل میں کی گئی، جس دوران دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس آپریشن میں تین دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ پاک فوج کے چھ جوان بھی جام شہادت نوش کر گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان علاقوں کو دہشتگردوں سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔پاکستانی فوج کے مطابق دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز پرعزم ہیں، اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔