اسلام آباد: سپریم کورٹ کے سینئر جج، جسٹس منصور علی شاہ نے مستعفی ہونے کی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔
بچوں کے انصاف سے متعلق ایک تقریب کے بعد صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے استعفیٰ سے متعلق افواہیں بے بنیاد ہیں۔ جب ایک صحافی عدیل سرفراز نے ان سے سوال کیا کہ کیا آپ کے مستعفی ہونے کی خبریں درست ہیں؟ تو انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا، “مجھے نہیں معلوم آپ کو یہ خیال کہاں سے آیا، یہ سب قیاس آرائیاں ہیں۔ میں کہیں بھاگ کر نہیں جا رہا۔”
جسٹس منصور علی شاہ نے مزید کہا کہ جو کام میرے اختیار میں ہے، وہ انجام دیتا رہوں گا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ وہ ایک کانفرنس سے فارغ ہو کر دوسری میں جا رہے ہیں اور عدالتی نظام کو بہتر بنانے کے لیے جو ممکن ہو، وہ کرتے رہیں گے۔