لاس اینجلس ۔عالمی شہرت یافتہ پاپ گلوکار مائیکل جیکسن کی بیٹی پیرس جیکسن نے اپنی منگنی کا اعلان کر دیا ہے۔ پیرس نے اپنے بینڈ کے ساتھی جسٹن لانگ کے ساتھ اپنی منگنی کا اعلان کیا، جسے انہوں نے جسٹن کی سالگرہ کے موقع پر شیئر کیا۔
26 سالہ پیرس جیکسن نے انسٹاگرام پر جسٹن کے ساتھ محبت بھری تصاویر شیئر کیں، جن میں پروپوزل کے لمحے بھی شامل ہیں۔ پیرس نے اپنے پیغام میں لکھا، “سالگرہ مبارک ہو! گزشتہ چند سال تمہارے ساتھ گزارنا ایک ناقابلِ بیان تجربہ رہا ہے، اور میں کسی اور کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتی۔ شکریہ کہ تم نے مجھے اپنا بنایا۔ میں تم سے محبت کرتی ہوں۔”
تصاویر میں جسٹن لانگ سیاہ پینٹ اور سفید شرٹ میں نظر آ رہے ہیں، اور وہ پیرس کے سامنے گھٹنوں کے بل بیٹھ کر انہیں انگوٹھی پہنا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ، پوسٹ میں پیرس اور جسٹن کی مختلف یادگار تصاویر بھی شیئر کی گئی ہیں، جن میں ہالووین کی تقریبات، ڈریگن سے متاثرہ ملبوسات اور ان کے سیر سپاٹوں کی جھلکیاں شامل ہیں۔
یاد رہے کہ پیرس جیکسن نے اس سے قبل گابریل گلین کو ڈیٹ کیا تھا، لیکن 2020 میں ان کے درمیان علیحدگی ہو گئی۔ 2021 میں پیرس نے جسٹن لانگ کے ساتھ اپنا رشتہ شروع کیا۔