نئی دہلی ۔بھارتی بلاک بسٹر فلم ’’کرن ارجن‘‘ میں اپنے کردار سے شہرت پانے والی 90 کی دہائی کی مشہور اداکارہ ممتا کلکرنی 25 سال بعد ممبئی واپس آ گئی ہیں، اور ان کی واپسی نے مداحوں اور میڈیا کی بھرپور توجہ حاصل کی ہے۔
ممتا کلکرنی پر 2000 کروڑ روپے منشیات کیس کی ایف آئی آر درج تھی، تاہم ممبئی کی عدالت نے ناکافی ثبوتوں کی بنیاد پر یہ کیس خارج کر دیا اور اداکارہ کو کلین چٹ دے دی۔
ممتا نے اپنے آبائی شہر واپسی پر انسٹاگرام پر ایک تصویر اور ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے جذباتی پیغام دیا۔ ویڈیو میں ممتا نے کہا، “میں بہت جذباتی ہوں اور نہیں جانتی کہ اس جذبات کا اظہار کیسے کروں، جب میری پرواز یہاں اتری، تو میں نے دائیں اور بائیں دیکھا اور اپنے ملک کو 24 سال بعد اوپر سے دیکھا، اور یہ لمحہ مجھے بہت جذباتی کر گیا۔”
ویڈیو کے کیپشن میں ممتا نے لکھا، “25 سال بعد اپنے وطن واپس آ کر بہت خوش ہوں، 2012 میں کنبھ میلے میں شرکت کی تھی اور اب 2025 کے کنبھ میلے میں یہاں ہوں۔”
اداکارہ کی واپسی پر ان کے مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا اور ان کے فلمی کرداروں کو یاد کرتے ہوئے پوسٹس پر تہنیتی پیغامات بھیجے۔
یاد رہے کہ ممتا کلکرنی کا نام 2015 میں ایک بڑے منشیات اسمگلنگ کیس میں آیا تھا، جس میں حکام نے ان کے شوہر وکی گوسوامی کے ساتھ 2000 کروڑ روپے کے منشیات کے کارٹل میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔ اس کیس نے ممتا کے بالی ووڈ امیج کو شدید نقصان پہنچایا تھا۔ حال ہی میں ممبئی ہائی کورٹ نے ان کے خلاف منشیات کیس کی ایف آئی آر کو منسوخ کرتے ہوئے انہیں کلین چٹ دے دی ہے۔