اسلام آباد۔وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کے دو روزہ دورے کے لیے کل اسلام آباد سے روانہ ہوں گے۔
وزیرِاعظم اس دورے میں سعودی ولی عہد سے ملاقات کریں گے، جو چھ ہفتوں کے دوران ان کی تیسری ملاقات ہوگی۔ملاقات میں خطے کی بدلتی صورتحال، عالمی معاملات، اور باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
شہباز شریف ریاض میں منعقد ہونے والی واٹر سمٹ میں شرکت کریں گے۔وہ “یو این سی سی ڈی” کی کانفرنس آف دی پارٹیز میں بھی شریک ہوں گے، جو زمین کی بحالی کے حوالے سے ایک اہم بین الاقوامی پلیٹ فارم ہے اور اقوام متحدہ کے تین بڑے معاہدوں (ریو کنونشنز) میں شامل ہے۔
اس دورے کے دوران وزیرِاعظم اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سمیت دیگر عالمی رہنماو¿ں سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں مختلف عالمی چیلنجز اور تعاون کے امکانات پر بات چیت متوقع ہے۔