واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے بیٹے ہنٹر بائیڈن کو اسلحہ خریداری اور دیگر الزامات میں صدارتی معافی دے دی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، ہنٹر بائیڈن پر 2018 میں نشے کی حالت میں اسلحہ خریدنے، غیر قانونی طور پر اسلحہ رکھنے اور ٹیکس فراڈ کے الزامات ثابت ہوئے تھے۔ عدالت نے رواں سال جون میں ان کے خلاف ان تمام الزامات کو درست قرار دیا تھا۔
ہنٹر بائیڈن پر نو الزامات عائد کیے گئے تھے، جن میں انہوں نے جرم کا اعتراف بھی کیا۔ عدالت نے انہیں ممکنہ طور پر 17 سال قید اور 4 لاکھ 50 ہزار ڈالرز جرمانے کی سزا سنانے کا عندیہ دیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق، ان الزامات پر حتمی سزا کا اعلان دسمبر میں متوقع تھا، لیکن صدر جو بائیڈن نے اپنے عہدے کی مدت مکمل ہونے سے پہلے ہی اپنے بیٹے کو معاف کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
واضح رہے کہ یہ معافی اس وقت دی گئی جب ہنٹر بائیڈن کو ٹیکس فراڈ اور اسلحے سے متعلق مقدمات میں سزا کا سامنا تھا۔