راولپنڈی۔وزیراعظم شہباز شریف نے بنوں میں فتنہ الخوارج سے مقابلے کے دوران شہید ہونے والے پاک فوج کے کیپٹن محمد زوہیب الدین شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔
29 اور 30 نومبر 2024 کو بنوں اور خیبر میں فتنہ الخوراج کیخلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن محمد زوہیب دین شہید کی نماز جنازہ پشاور اور بنوں گیریژن میں ادا کردی گئی۔
نماز جنازہ میں لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری، کور کمانڈر پشاور سمیت اعلیٰ عسکری حکام اور جوانوں نے شرکت کی، بعد ازاں کیپٹن زوہیب دین شہید اور سپاہی افتخار حسین شہید کو ان کے آبائی علاقوں میں روانہ کردیا گیا۔
لاہور میں کیپٹن زوہیب دین شہید کی نماز جنازہ میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا، اعلیٰ سول اور فوجی افسران بھی شریک تھے، شہید کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔
دوسری جانب وزیراعظم نے شہید کیپٹن زوہیب کے اہل خانہ سے ملاقات اور ان سے تعزیت کی جبکہ شہید کیپٹن زوہیب الدین کو خراج عقیدت پیش کیا، انہوں نے کہا کہ شہید کیپٹن زوہیب نے انتہائی بہادری سے خوارجی دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، شہید کیپٹن پر پوری قوم کو فخر ہے اور ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔
شہید کی عمر 25 سال تھی اور پاک فوج میں ان کی سروس ساڑھے تین سال تھی۔ ان کا تعلق لاہور سے تھا۔شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ پارک ویو سٹی کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا
واضح رہے کہ کیپٹن محمد زوہیب الدین نے 30 نومبر 2024 کو ضلع خیبر کے علاقے شگئی میں ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کیا، آپریشن کے نتیجے میں تین خوارج کو جہنم واصل کیا گیا جبکہ دو کو گرفتار کیا گیا۔