غزہ۔غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری میں 50 فلسطینی پناہ گزین شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، اسرائیلی فوج نے آج غزہ کے جبالیہ اور نصیرات پناہ گزین کیمپوں میں مسلسل بمباری کا سلسلہ جاری رکھا۔
اسرائیلی فوج کی جبالیہ کیمپ پر بمباری کے نتیجے میں 42 جبکہ نصیرات کیمپ میں 10 فلسطینی پناہ گزین شہید ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
اسی دوران خان یونس کے علاقے میں اسرائیلی فوج نے ایک امریکی غیر سرکاری تنظیم کی گاڑی پر بمباری کی، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔
غزہ پر 7 اکتوبر سے جاری بمباری کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 44 ہزار 400 سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 5 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔
اس اسرائیلی جارحیت میں شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے، جبکہ 10 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔