واشنگٹن۔امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی نژاد شہری کشیپ کاش پٹیل کو وفاقی تفتیشی ادارے ایف بی آئی کا سربراہ منتخب کرنے کا اعلان کیا۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، ایف بی آئی کے سربراہ کے طور پر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے وفادار اور اسٹیبلشمنٹ کے ناقد کو چنا ہے۔
کاش پٹیل بھارتی نژاد ہیں اور پیشے کے لحاظ سے وکیل اور تفتیش کار ہیں۔ ٹرمپ نے ان کے نام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کاش پٹیل ’’امریکا فرسٹ فائٹر‘‘ ہیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ کاش پٹیل ایک زبردست وکیل اور تفتیش کار ہیں جنھوں نے اپنے کیریئر کو کرپشن کے خلاف جنگ اور امریکیوں کی حفاظت میں صرف کیا۔
44 سالہ کشیپ کاش پٹیل کئی مرتبہ اپنے بھارتی نژاد ہونے کا ذکر کر چکے ہیں اور اپنے وطن بھارت کے ساتھ گہرے تعلقات کا اظہار کرتے رہے ہیں۔
کشیپ کاش پٹیل نیویارک میں گجراتی والدین کے ہاں پیدا ہوئے، جنھوں نے مشرقی افریقہ میں اپنی بچپن کی زندگی گزاری۔
کشیپ نے یونیورسٹی آف رچمنڈ سے گریجویشن کی اور لندن کی یونیورسٹی کالج سے بین الاقوامی قانون میں ڈگری حاصل کی۔
وہ سابقہ قائم مقام سیکرٹری دفاع کرسٹوفر ملر کے چیف آف اسٹاف کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں۔
اس کے علاوہ، وہ ٹرمپ کے پہلے دور میں صدر کے نائب معاون اور قومی سلامتی کونسل (NSC) میں انسداد دہشت گردی کے سینئر ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
کشیپ پٹیل نے اس وقت کے صدر ٹرمپ کی اہم ترجیحات پر عمل درآمد کی نگرانی کی، جس میں داعش اور القاعدہ کی قیادت کا خاتمہ اور کئی امریکی یرغمالیوں کی محفوظ واپسی شامل تھی۔
انہوں نے 2016 میں ٹرمپ کی انتخابی مہم اور روس کے ساتھ تعلقات پر ہاؤس ریپبلکنز کی تحقیقات میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
کشیپ پٹیل اور ٹرمپ کے درمیان قریبی تعلقات کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ٹرمپ کی حکومت ختم ہونے کے بعد، مشکل وقت میں گھیرے ہوئے ٹرمپ نے انھیں اپنے صدارتی ریکارڈ تک رسائی دینے کے لیے نمائندہ نامزد کیا تھا۔