لاہور۔پاکستان شوبز کی معروف اداکارہ منال خان نے کہا ہے کہ وہ جلد ڈراموں میں واپسی کا ارادہ رکھتی ہیں۔
حال ہی میں منال خان نے زارا نور عباس کے شو ‘واٹ مام سینس’ میں شرکت کی، جہاں انٹرویو کے دوران انہوں نے اپنی ٹی وی انڈسٹری میں واپسی اور اپنے مقبول ڈرامہ ‘جلن’ کی کامیابی پر بات کی۔
منال خان کا کہنا تھا کہ وہ ڈراموں میں اپنی واپسی کے لیے پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا، “میں ہمیشہ خود سے یہ سوال کرتی ہوں کہ کیا میں ٹی وی پر واپس آؤں گی؟ اور ہمیشہ اس کا جواب ہاں میں دیتی ہوں، کیونکہ میں واقعی اس کو حقیقت بنانا چاہتی ہوں۔ لیکن فی الحال میرا بیٹا میری سب سے پہلی ترجیح ہے۔” ان کا مزید کہنا تھا، “میں اداکاری کو بہت یاد کرتی ہوں اور جلد ہی اس میں واپسی کروں گی۔”
منال خان نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ مستقبل میں وہ کسی رومانوی کہانی میں ہیروئن کا کردار ادا کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا، “میں دوبارہ منفی کردار نہیں نبھانا چاہتی۔ ‘جلن’ ایک خاص پروجیکٹ تھا جس میں میں نے اپنی بہن کی میراث کو آگے بڑھانے کے لیے بہت محنت کی۔”
یاد رہے کہ منال خان اداکار احسن محسن اکرام کی اہلیہ ہیں اور ان کی ایک بیٹا بھی ہے۔ شادی کے بعد منال نے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی، جس کے بعد ان کے مداح انہیں دوبارہ اسکرین پر دیکھنے کے لیے بےقرار ہیں۔