دبئی ۔انڈر-19 ایشیا کپ کے تیسرے میچ میں پاکستان نے بھارت کو 43 رنز سے شکست دے دی۔ 282 رنز کے تعاقب میں بھارت کی ٹیم 238 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
دبئی میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے۔ قومی ٹیم کے اوپنرز نے بھارت کے خلاف سست آغاز فراہم کیا، مگر اس کے بعد انہوں نے بہترین شراکت داری کی۔ دونوں اوپنرز نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 160 رنز جوڑے، جس میں عثمان نے 60 رنز بنائے اور آؤٹ ہوگئے۔
تیسری وکٹ پر محمد ریاض اللہ اور شاہ زیب خان کے درمیان 71 رنز کی شراکت داری ہوئی، تاہم ریاض 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ دوسری جانب شاہ زیب خان نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 5 چوکوں اور 10 چھکوں کی مدد سے 159 رنز بنائے، جو اس میچ میں ایک شاندار اننگ تھی۔ باقی کھلاڑیوں میں ہارون ارشد صرف 3 رنز بنا سکے، نوید احمد خان اور کپتان سعد بیگ 4، 4 رنز پر آؤٹ ہوئے، جبکہ فرحان یوسف صفر پر پویلین لوٹے۔ فہام الحق 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
بھارت کی جانب سے سمرتھ ناگراج نے 3، آیوش مہاترے نے 2 اور کرن چورملے نے 1 وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں بھارت کی ٹیم 48 اوورز میں 238 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بھارت کی جانب سے یُدھاجیت گُہا نے 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے، جبکہ سرفراز 67 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔ محمد عنان 30، ہرونش پنگالیا 26، ایوش مہاترے 20، کرن چورملے 20، کپتان محمد امان 16، سی آندرے سدھارتھ 15، ویبھو سوریاونشی 1 اور سمراٹھ ناگراج صفر پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے علی رضا نے 3، عبدالسبحان اور فہام الحق نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عثمان خان اور نوید احمد خان نے 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
شاہ زیب خان کی شاندار اننگز 159 رنز کی بدولت انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔