تہران: ایران کا سفر کرنے والا بھارتی ولاگر ایک پاکستانی طالب علم کی جانب سے ملنے والی مدد پر نہ صرف اس کا مداح بن گیا، بلکہ پاکستان کے بارے میں اس کی رائے بھی مثبت ہو گئی۔
“OnRoadIndian” کے نام سے ولاگنگ کرنے والے بھارتی شہری نے اپنے خوشگوار تجربے کی ویڈیو شیئر کی، جو نہ صرف پاکستان اور بھارت میں وائرل ہوئی بلکہ ایران میں بھی لوگوں نے پاکستانی شہری کی خوب پذیرائی کی۔
بھارتی ولاگر روس کے دارالحکومت ماسکو سے تہران جا رہا تھا، جہاں وہ ایران میں کمیونیکیشن کے مسائل سے پریشان تھا اور یہ جاننا چاہتا تھا کہ ایران میں کیا مسائل پیش آ سکتے ہیں۔ اسی لیے وہ طیارے میں اپنے دیگر مسافروں سے ایران میں استعمال کرنے والی فون سم، ایپس اور وی پی این کے بارے میں معلومات حاصل کر رہا تھا۔
تہران ہوائی اڈے پر اس کی ملاقات ایران میں مقیم ایک پاکستانی طالب علم حسین سے ہوئی، جس نے فوراً اس کی مدد کی۔ تاہم، وہ VPN انسٹال نہیں کر پا رہا تھا کیونکہ اس کے پاس انٹرنیٹ اور فون سم نہیں تھی۔ اس پر حسین نے بھارتی ولاگر کو اپنے گھر بلایا اور اس کی مدد کی۔ حسین نے اپنی ذاتی سم بھارتی ولاگر کو دے دی تاکہ وہ اپنے سفر کو جاری رکھ سکے۔
ولاگر نے اس پورے واقعے کی ویڈیو بنائی اور اپ لوڈ کی، جس نے سیکڑوں کمنٹس اور ہزاروں ویوز حاصل کیے۔ ایک صارف نے کمنٹس میں لکھا، ’’پاکستانی لڑکے کا ایران میں ایک ہندوستانی کی مدد کرنا بہت اچھا لگا۔‘‘
یہ واقعہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں ایک خوشگوار لمحہ ثابت ہوا اور لوگوں نے اس اقدام کو مثالی قرار دیا۔