دبئی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہم نے اپنا اور بھارتی کرکٹ بورڈ کا موقف پیش کر دیا ہے، ہماری کوشش ہے کہ کرکٹ کی جیت ہو اور سب کچھ احترام کے ساتھ ہو۔
دبئی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ہم کرکٹ کی بہتری کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں، اگر کوئی نیا فارمولا بنایا گیا تو اس کی بنیاد برابری ہوگی، بہت سی چیزیں ممکن ہیں مگر ہماری اولین ترجیح کرکٹ کی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب سے اہم بات پاکستان کی عزت ہے، جسے ہم ہمیشہ برقرار رکھیں گے، اور پھر کرکٹ کی کامیابی بھی حاصل ہوگی۔ محسن نقوی نے کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ صرف ایک طرف سے معاملات چلیں، ہم بھارت جائیں اور بھارت پاکستان نہ آئے، اب جو بھی فیصلہ ہو گا، وہ برابری کی بنیاد پر ہوگا اور یہ فیصلے صرف چیمپئنز ٹرافی تک محدود نہیں رہیں گے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ ہم اس معاملے کو ہمیشہ کے لیے برابری کی بنیاد پر حل کریں گے اور اگر کوئی نیا فارمولا بنایا گیا تو وہ بھی برابری کے اصولوں پر ہوگا، ہماری خواہش ہے کہ اس معاملے کا اچھا اور منصفانہ حل نکلے۔
دبئی میں محسن نقوی کی یو اے ای کرکٹ بورڈ کے سربراہ سے ملاقات بھی ہوئی، جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے لیے پوری طرح تیار ہے، سیکیورٹی سمیت تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد پاکستان کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔