اسلام آباد ۔پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد میں جاری احتجاج کو منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔
ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ بانی چیئرمین سے ملاقات اور کور کمیٹی کی مشاورت کے بعد آئندہ حکمت عملی کا اعلان کیا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ پرامن مظاہرین پر اسلام آباد کی سڑکوں پر شدید شیلنگ اور گولیوں کی بوچھاڑ کی گئی، جس کے نتیجے میں سینکڑوں نہتے شہری زخمی ہو گئے۔
تحریک انصاف نے ڈی چوک پہنچنے والے کارکنان اور شہریوں کی قربانیوں اور جرات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ ترجمان نے کہا کہ خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ اور شمالی پنجاب سے احتجاج میں شرکت کے لیے آنے والے قافلوں نے صبر اور حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر مشکل کا سامنا کیا۔
ترجمان نے راولپنڈی اور اسلام آباد کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پورے ملک سے آئے ہوئے مظاہرین کی میزبانی میں بھرپور تعاون کیا۔
مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے مطابق دنیا بھر میں عمران خان کی کال پر احتجاج کرنے والے اوورسیز پاکستانیوں کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کیا گیا، جنہوں نے تحریک انصاف کے موقف کی حمایت میں تاریخی مظاہرے کیے۔