اسلام آباد ۔سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران ہلاکتوں پر ازخود نوٹس لینے کی درخواست کو مسترد کر دیا۔
موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے۔
خیبرپختونخوا حکومت کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ گزشتہ روز ہونے والی ہلاکتوں پر ازخود نوٹس لیا جائے، کیونکہ آئینی بینچ اس معاملے کو دیکھنے کا اختیار رکھتا ہے۔
بینچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ جو معاملہ ہمارے سامنے موجود ہی نہیں، اس پر ہم کارروائی نہیں کر سکتے۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ یہ مسئلہ ہمارے دائرہ اختیار میں نہیں، اس پر بات کرنا مناسب نہیں ہوگا۔
جسٹس مسرت ہلالی نے خیبرپختونخوا حکومت کے وکیل کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ عدالت میں سیاسی بیانات دینے سے گریز کریں۔
مزید برآں، سپریم کورٹ نے فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام سے متعلق درخواست کو نمٹا دیا۔ یہ درخواست بانی تحریک انصاف نے دائر کی تھی۔
وکیل بابر اعوان نے عدالت کو آگاہ کیا کہ یہ معاملہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں مکمل ہوچکا ہے، اور اب کسی عدالتی کارروائی کی ضرورت نہیں رہی۔