اسلام آباد/راولپنڈی۔ جڑواں شہروں میں سڑکوں کی بندش کے باعث عدالتی کارروائیاں نہیں ہو سکیں اور توشہ خانہ 2 سمیت متعدد مقدمات کو مؤخر کر دیا گیا۔
پی ٹی آئی کے اسلام آباد میں احتجاج کے باعث جڑواں شہروں، خاص طور پر ریڈ زون کی جانب جانے والے تمام راستے بند ہو گئے، جس کے نتیجے میں آج بھی عدالتوں میں مقدمات التوا کا شکار ہو گئے۔
عمران خان کا خواجہ آصف کے خلاف ہرجانہ کیس ملتوی
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ، جسٹس عامر فاروق آج بھی دستیاب نہیں ہوں گے، جس کے باعث کورٹ روم نمبر ون کی کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی ہے۔ چیف جسٹس نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کا خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب روپے کے ہرجانہ کیس کی سماعت کرنی تھی، جس میں سیشن کورٹ کا فیصلہ عمران خان نے چیلنج کیا ہے۔
قیدیوں کی سیاسی بات چیت کے کیس کی سماعت ملتوی
اسی طرح قیدیوں کی سیاسی بات چیت پر پابندی کی شق کو کالعدم قرار دینے کے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف چیف کمشنر اور پنجاب حکومت کی اپیل پر سماعت بھی آج نہیں ہو سکے گی۔ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز انٹراکورٹ اپیل کی سماعت کرنے والے تھے۔