وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پارٹی عہدیداروں اور صوبے کے ارکان پارلیمنٹ کے اجلاس میں 24 نومبر کے احتجاج کو کامیاب بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ یہ احتجاج بھی پہلے کی طرح کامیاب ہوگا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مطابق، پشاور میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ اور تنظیمی عہدیداروں کا مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے ہزارہ، ملاکنڈ، پشاور اور ساؤتھ ریجنز کے ارکان پارلیمنٹ اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے ساتھ الگ الگ اجلاس کیے، جہاں 24 نومبر کے احتجاج کے لیے حکمت عملی اور انتظامات پر مشاورت کی گئی۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر 24 نومبر کے احتجاج کو کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کی جانب سے دی گئی اس کال کو حتمی اور فیصلہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تک تمام مطالبات منظور نہیں ہو جاتے، احتجاج جاری رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس احتجاج کی کامیابی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے اور پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ پارلیمنٹیرینز اور دیگر پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں پارٹی تنظیموں، کارکنوں اور عوام کو متحرک کریں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس مقصد کے لیے یونین کونسلز کی سطح پر پارٹی کی تمام ذیلی تنظیموں کے ساتھ اجلاس منعقد کیے جائیں، اور احتجاج کے لیے عوام کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو اسلام آباد پہنچانے کے لیے تمام انتظامات اور تیاریوں کو بروقت مکمل کیا جائے۔
علی امین گنڈاپور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ 24 نومبر کا احتجاج گزشتہ مرتبہ کی طرح کامیاب ہوگا اور ہم اپنے مطالبات کو منوانے میں کامیاب ہوں گے۔