لاہور۔اسلامی نظریاتی کونسل کے وی پی این کو حرام قرار دینے کے فتوے پر معروف اسلامی سکالر مولانا طارق جمیل نے کہا ہے کہ اگر وی پی این حرام ہے تو پھر موبائل فون کا استعمال بھی حرام ہونا چاہیے۔
ایک نجی چینل سے بات کرتے ہوئے مولانا طارق جمیل نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ کس شرعی کونسل نے یہ فتویٰ دیا ہے، لیکن ان کے خیال میں یہ فیصلہ درست نہیں ہے۔ انہوں نے اسے “تنگ ذہنی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ وی پی این کو حرام کہنا بے بنیاد ہے۔
مولانا طارق جمیل نے مزید کہا کہ اگر وی پی این حرام قرار دیا جاتا ہے تو پھر موبائل فون بھی حرام ہونا چاہیے کیونکہ موبائل فون کے ذریعے بغیر وی پی این کے بھی ایسی بہت سی چیزیں دیکھی جا سکتی ہیں۔
یاد رہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل نے حال ہی میں ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) کو حرام قرار دیا تھا، اور اس سے قبل پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بڑی تعداد میں غیر رجسٹرڈ وی پی این کو بلاک کر دیا تھا۔