اسلام آباد۔ترک جمہوریہ شمالی قبرص (ٹی آر این سی) کی سفیر، دلشاد شینول نےاسلام آباد کے ایک ہوٹل میں ٹی آر این سی کے قیام کی 41ویں سالگرہ کی تقریب منعقد کی۔تقریب میں وزیراعظم کے مشیر رانا احسان افضل خان، ترکی کے سفیر عرفان نزیراوغلو، سینیٹر طلحہ محمود، قازقستان کے سفیر یرژان کستافین، مشاہد حسین سید، ڈاکٹر شہزاد وسیم، سینیٹر ستارہ ایاز، ڈاکٹر رمیش کمار، اور وزارت خارجہ کے افغانستان، ایران اور ترکی ڈویژن کے ڈی جی محمد عامر خان نے شرکت کی
اس کے علاوہ ترک اور شمالی قبرصی شہریوں، سفارتکاروں، پارلیمنٹیرینز، کاروباری افراد اور تعلیم سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی اور سفیر شینول اور ٹی آر این سی کے شہریوں کو مبارکباد پیش کی۔ تقریب کا آغاز دونوں ممالک کے قومی ترانوں سے ہوا اور کیک بھی کاٹا گیا۔
تقریب میں ایک ڈاکیومنٹری دکھائی گئی جس میں ٹی آر این سی کی سیاحت کے مواقع اور جمہوریت، معیشت، سماجی مساوات اور انسانی حقوق میں ان کی ترقی کو نمایاں کیا گیا۔
اپنے خطاب میں سفیر شینول نے اپنے ملک کے آزادی، خودمختاری، اور حق خودارادیت کے سفر پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر این سی مشرقی بحیرہ روم میں اعلیٰ تعلیم اور سیاحت کے میدان میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔
انہوں نے دنیا پر زور دیا کہ وہ ترک جمہوریہ شمالی قبرص کو آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کرے اور ان قربانیوں کا احترام کرے۔
انہوں نے کہا کہ ٹی آر این سی پہلے ہی اسلامی تعاون تنظیم اور اقتصادی تعاون تنظیم کا مبصر رکن ہے، اور 2022 میں ترک ریاستوں کی تنظیم میں شامل ہو کر مزید اہم بین الاقوامی مقام حاصل کر چکا ہے۔
سفیر شینول نے کہا کہ 1983 میں قائم ہونے والے ٹی آر این سی نے ترکی کی حمایت سے جزیرے پر امن و استحکام برقرار رکھا ہے۔ انہوں نے پاکستان کا شکریہ ادا کیا جو ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔
انہوں نے قبرص کے حل نہ ہونے والے مسئلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی دہائیوں پر مشتمل کوششوں کے باوجود، مسئلہ حل نہیں ہو سکا کیونکہ یونانی قبرصی قیادت طاقت اور وسائل بانٹنے پر راضی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یونانی قبرصی حکومت نے کھیل، تعلیم، اور انسانی ہمدردی کے میدان میں ہماری بین الاقوامی شمولیت میں رکاوٹ ڈالی ہے، اور حالیہ اشتعال انگیزیوں سے امن کے امکانات مزید پیچیدہ ہو گئے ہیں۔
ٹی آر این سی کی قیادت نے قبرص کے مسئلے کے حل کے لیے دو خودمختار ریاستوں کی قبولیت کی نئی تجویز پیش کی ہے، جو ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان کے اس مطالبے کے ساتھ ہم آہنگ ہے کہ دنیا ترک قبرصی عوام پر ظلم ختم کرے اور ان کی خودمختاری کو تسلیم کرے۔
سفیر شینول نے دنیا سے اپیل کی کہ وہ جزیرے پر دو ریاستوں کی حقیقت کو تسلیم کرے اور ترک قبرصی عوام پر غیر انسانی پابندیاں ختم کرے۔ انہوں نے ترکی اور پاکستان کا مسلسل حمایت پر شکریہ بھی ادا کیا۔