لندن۔جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی فی الحال ممکن نہیں لگتی، تاہم ملکی سیاست میں کسی بھی وقت تبدیلی آ سکتی ہے۔
لندن میں گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ انہیں عمران خان سے کسی قسم کی ڈیل کا علم نہیں ہے، اور وہ سنی سنائی باتوں پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو مظاہرے اور جلسے کرنے کا حق حاصل ہے، اور انہیں اس حق کو استعمال کرنے سے نہیں روکا جانا چاہیے۔
مولانا فضل الرحمان نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ بشریٰ بی بی اور عمران خان کی بہنوں کی ضمانت میں ان کا کوئی کردار نہیں ہے۔
جے یو آئی کے سربراہ نے مزید کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے اپوزیشن سے مذاکرات کے بعد انہیں کچھ ریلیف ضرور ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے لندن میں ملاقات کا کوئی منصوبہ نہیں تھا، لیکن اگر ملاقات ہو جاتی ہے تو اس میں کوئی قباحت نہیں ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے اپنے سیاسی پروگرام کے حوالے سے کہا کہ وہ عوامی رابطوں کے لیے نکل رہے ہیں اور نومبر کے آخر میں سکھر اور 8 دسمبر کو پشاور میں جلسے کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے جلسوں کے بعد پی ٹی آئی کا “ملین مارچ” صرف ایک نام رہ جائے گا۔
انہوں نے مسئلہ کشمیر کے حل پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ اب کشمیریوں کو خود ہی کچھ کرنا ہوگا، کیونکہ ان کی آزادی کی جدوجہد میں اب مزید عالمی مداخلت کی توقع کم ہے۔
واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان اس وقت لندن کے نجی دورے پر ہیں اور ان کے ساتھ پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود ہیں۔