پاکستان میں شیڈول چیمپئینز ٹرافی 2025 کے شیڈول میں تاخیر کا امکان، بھارت کے پاکستان آکر کھیلنے کی تجویز پر بات چیت جاری
آئی سی سی (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) نے بھارت کے پاکستان سفر پر گفتگو کے باعث چیمپئینز ٹرافی 2025 کے شیڈول میں تاخیر کا اشارہ دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، بھارت کی ٹیم کے میچز کی شیڈولنگ کے سلسلے میں بات چیت جاری ہے جس کے سبب ایونٹ کے شیڈول کا اعلان ابھی تک نہیں کیا جا سکا۔
چیمپئینز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان رواں ماہ 11 نومبر کو متوقع تھا، مگر اب آئی سی سی حکام نے اس بات کا عندیہ دیا ہے کہ شیڈول کی فائنل تشکیل میں مزید وقت درکار ہوگا۔ آئی سی سی کے مطابق، میگا ایونٹ کے شیڈول کی تصدیق ابھی تک نہیں کی جا سکی، تاہم میزبان اور شریک ممالک سے بات چیت جاری ہے۔ بھارت کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرنے پر آمادہ نہ ہونے کی صورت میں چیمپئینز ٹرافی کے انعقاد کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔
چیمپئینز ٹرافی کے آغاز میں 100 دن سے بھی کم کا وقت رہ گیا ہے، اور ایونٹ 19 فروری سے 19 مارچ 2025 تک ہونے کی توقع ہے، مگر ابھی تک اس کے میچز کا شیڈول حتمی نہیں ہو سکا۔ پی سی بی (پاکستان کرکٹ بورڈ) کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے پیر کو چیمپئینز ٹرافی کے حوالے سے کسی تقریب کا اہتمام نہیں کیا جائے گا۔
بھارت کی جانب سے ہائبرڈ ماڈل پر کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا ہے، جبکہ پاکستان نے اس ماڈل کو اپنانے سے انکار کر دیا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے گزشتہ روز آئی سی سی کو زبانی طور پر آگاہ کیا تھا کہ وہ پاکستان کا دورہ نہیں کریں گے۔
پی سی بی کے چیئرمین نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان کا موقف واضح ہے کہ اگر بھارتی کرکٹ بورڈ کو کوئی مسئلہ ہے تو وہ اسے تحریری طور پر مطلع کرے، لیکن ابھی تک کسی ہائبرڈ ماڈل پر کوئی رسمی بات چیت نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارتی میڈیا یہ رپورٹ کر رہا ہے تو آئی سی سی کو ہمیں باضابطہ طور پر مطلع کرنا ہوگا، تاہم اس حوالے سے پی سی بی کو ابھی تک کوئی خط موصول نہیں ہوا۔
چیمپئینز ٹرافی میں دنیا کی 8 سرفہرست کرکٹ ٹیمیں حصہ لیں گی، جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ اس ایونٹ میں پاکستان، افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔